بنگلورو:10 /مئی(ایس او نیوز) تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت کے حامل ایس ایس ایل سی امتحانات کے نتائج کا اعلان 12/ مئی کو کیا جائے گا، جبکہ پی یو سی امتحانات کا نتیجہ کل 11/ مئی کو ظاہر کیا جائے گا۔کل دوپہر تین بجے کرناٹکا سکینڈری ایجوکیشن ایگزامنیشن بورڈ کی طرف سے پی یو سی کے نتائج کااعلان باضابطہ ویب سائٹوں پر کیاجائے گا۔ کرناٹکا پری یونیورسٹی ایجوکیشن بورڈ کی ڈائرکٹر سی شیکھا نے یہ بات بتائی۔
انہوں نے بتایاکہ 12مئی کی صبح متعلقہ پی یو کالجوں میں نوٹس بورڈ پر نتیجہ چسپاں کردیا جائے گا۔ 9 مارچ سے27/ مارچ تک رواں سال کے پی یو سی امتحانات کروائے گئے جن میں 684490طلبا نے حصہ لیاتھا۔ان میں 348562لڑکے اور 338909لڑکیاں شامل ہیں۔ 5/ اپریل سے ریاست بھر کے 48 مراکز میں 37لاکھ جوابی پرچوں کی جانچ کا کام شروع ہوا۔اس کیلئے 21ہزار لکچرارس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ایس ایس ایل سی امتحان کا نتیجہ جمعہ کے روز ظاہر کیا جائے گا۔ان نتائج کو یکجا کرنے کا سلسلہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیمات تنویر سیٹھ نے ٹیوٹ پر بتایاکہ نتائج کو یکجا کرنے کا کام مکمل ہونے کے بعد ان کو ویب سائٹ پر ظاہر کردیا جائے گا۔جمعہ کی سہ پہر تین بجے ان نتائج کا اعلان باضابطہ کردیا جائے گا۔